منگلورو 4؍مارچ (ایس او نیوز) مینگلور میں بالخصوص علاج ومعالجہ کے لئے جانے والے بھٹکلی حضرات کی دن بدن بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے کرناٹکا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جملہ چھ والوو بسوں کی سروس شروع کی گئی ہے جو پورے دن 9 ٹرپس لگائیں گی۔ بھٹکل سے مینگلور کے لئے پہلی بس سروس صبح چھ بجے شروع ہوگی اور صرف تین گھنٹوں کے اندر مینگلور پہنچائے گی۔
اس نئی والوو بس سروس کی شروعات کل اتوار صبح گیارہ بجے بھٹکل بس اسٹائند سے کی جارہی ہے، اخباری بیان میں کرناٹکا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے فون پر خبر دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا اس بس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس روٹ پر سروس کے لئے 6 نئی والوو بسیں مختص کی گئی ہیں۔ان بسوں پر منگلورو سے بھٹکل تک کا کرایہ 225 روپے مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ منگلورو سے کنداپور تک کا کرایہ 160روپے ہے۔اڈپی اور منی پال سے کنداپور تک کا کرایہ 65روپے اور کنداپور سے بیندور کے لئے45روپے کرایہ مقرر ہے۔یہ بسیں منگلورو سے بھٹکل آتے ہوئے سورتکل ، مولکی، اڈپی،منی پال، برہماور، کنداپور اور بیندور میں رکیں گی۔
اس بس سروس کا جو شیڈول بنایا گیا ہے اس کے مطابق بھٹکل سے منگلورو کی طرف پہلی بس صبح 6بجے نکلے گی۔ اس کے بعدصبح ساڑھے چھ بجے، پھر سات بجے، پھر پونے گیارہ، گیارہ، سوا گیارہ اور آخری بس پائونے بارہ بجے مینگلور کے لئے نکلے گی۔ اسی طرح مینگلور سے واپسی کے لئے پہلی بس کا آغاز صبح 6.45بجے ہوگااور یہ بس صبح 9.45بجے بھٹکل پہنچے گی۔ اس کے بعد صبح 7:15 بجے، 7:45 بجے، 10:00 بجے، 10:30 بجے اور 11:00 بجے پھر اگلی بسیں دوپہر 2.45 بجے، 3:15بجے ،اور3.45 بجے منگلورو سے روانہ ہونگی۔